لچک دار اور مضبوط ’سپر جیلی‘ تیار کرلی گئی https://ift.tt/eA8V8J
کیمبرج: یونیورسٹی آف کیمبرج کے سائنسدانوں نے ایک ایسا ہلکا پھلکا ’ہائیڈروجل‘ تیار کرلیا ہے جو کسی جیلی کی طرح نرم اور لچک دار ہونے کے ساتھ ساتھ اتنا مضبوط بھی ہے کہ اگر اس پر سے بھاری گاڑی بھی گزار دی جائے تو اسے کچھ نہیں ہوتا۔
بھاری چیز گزرنے پر جیسے ہی اس کا دباؤ بڑھنا شروع ہوتا ہے تو یہ فوراً خود کو تبدیل کرکے شیشے جیسی حالت میں آجاتا ہے اور اس کے سالمے (مالیکیولز) ایک دوسرے کو زیادہ مضبوطی سے جکڑ لیتے ہیں۔
البتہ، یہ دباؤ جیسے ہی کم ہو کر معمول پر آتا ہے تو یہ ہائیڈروجل بھی اپنی اصل حالت میں واپس آجاتا ہے۔ اس طرح یہ اپنی لچک اور مضبوطی ایک ساتھ برقرار رکھتا ہے۔
اپنی اسی خاصیت کی بناء پر یہ ’سپر جیلی‘ کے نام سے بھی مشہور ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ ’ہائیڈروجل‘ (hydrogels) فوم جیسے نرم اور ہلکے پھلکے مادّے ہوتے ہیں جن میں پانی کے سالموں (مالیکیولز) کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
مختلف خصوصیات والے ہائیڈروجل کا استعمال حفظانِ صحت سے متعلق مصنوعات اور زخموں پر باندھنے والی پٹیوں کے علاوہ کونٹیکٹ لینس کی تیاری میں بھی کیا جارہا ہے۔
تاہم اب تک بننے والے ہائیڈروجل نرم ہونے کے ساتھ ساتھ بہت نازک بھی ہوتے ہیں جو کھنچاؤ یا دباؤ بڑھنے پر ٹوٹ کر بکھر جاتے ہیں۔
روایتی ہائیڈروجل کے مقابلے میں ’سپر جیلی‘ اس طرح سے مختلف ہے کہ دباؤ بڑھنے پر اس کے مالیکیولز ایک دوسرے کو زیادہ مضبوطی کے ساتھ ایسے جکڑ لیتے ہیں کہ جیسے انہیں ہتھکڑیاں لگا کر آپس میں باندھ دیا گیا ہو۔
تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر زیہوان ہوانگ کے مطابق ’کراس لنکنگ‘ کہلانے والے ایک کیمیائی مظہر کو بندوق کی نالی جیسے سالموں ’کیوکربیٹوریلز‘ سالموں پر استعمال کرتے ہوئے یہ سپر جیلی تیار کی گئی ہے۔
اگرچہ اس سپر جیلی کا 80 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے لیکن پھر بھی یہ بہت زیادہ دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس منفرد ایجاد کی تفصیل آن لائن ریسرچ جرنل ’نیچر مٹیریلز‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے، جس کے مصنّفین نے امید ظاہر کی ہے کہ طبّی آلات سے لے کر اسمارٹ فون کی مضبوط اسکرین تک، درجنوں مقاصد میں یہ سپر جیلی ہماری ضروریات بہتر انداز سے پوری کرسکے گی۔
The post لچک دار اور مضبوط ’سپر جیلی‘ تیار کرلی گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/3pe2cWi
via IFTTT
No comments