Breaking News

اب اپنے اینڈروئڈ فون کو عالمی موسمیاتی تحقیقی منصوبے کا حصہ بنائیں https://ift.tt/w0PyuAa

زیورخ: ایک ایپ کی بدولت آپ اپنے اینڈروئڈ فون سے سائنسدانوں کی مدد کرسکتے ہیں جس کی بدولت موسم کی بہترین پیش گوئی میں مدد مل سکتی ہے تاہم صرف اینڈروئڈ فون میں اینڈروئڈ ورژن سیون سے اوپر والے آپریٹنگ سسٹم پر ہی یہ ایپ چل سکتی ہے۔

یورپی خلائی ایجنسی نے ’کمالیئٹ‘ ایپ بنائی ہے جس میں پوری دنیا کے لوگ اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس طرح فون کے جی پی ایس ریسیور کو استعمال کرتے ہوئے مقامی موسمیاتی کیفیات کی معلومات ایک جگہ جمع ہوسکے گی۔

ہم جانتے ہیں کہ اپنے اپنے مدار میں موجود سیٹلائٹ جی پی ایس سگنل کے تحت کام کرتے ہیں۔ اب سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہی سیٹلائٹ فضائی کیفیات کی تفصیل بھی جان سکتے ہیں۔ مثلاً فضا میں آبی بخارات اگر کم یا زیادہ ہوں تو اس سے سیٹلائٹ سگنل پر اثرپڑتا ہے۔

اسی طرح جب جب سیٹلائٹ سگنل مختلف فضائی حالات سے گزرتے ہیں ان کی کیفیات تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ اس طرح دنیا بھر کے فون سے ملنے والا ڈیٹا موسم اور آب وہوا کی مختلف کییفیات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

اب کمزور سگنل یا ان میں تبدیلی سے سیٹلائٹ اور فون کا فاصلہ اور دیگر فضائی کیفیات سے پوری دنیا کی موسمیاتی معلومات ای جگہ جمع ہوگی۔ اس سے ایک جانب تو موسم کی پیش گوئی بہتر ہوسکے گی اور کمپیوٹر الگورتھم کی مدد سے طویل مدت کی آب و ہوا کی معلومات سے طویل المدتی پیش گوئی بھی ممکن ہوسکے گی۔

دوسری جانب فون اور سیٹلائٹ سگنل دیکھ کر زمین کے گرد موجود آئینی کرے( آئنوسفیئر) کا احوال بھی اچھی طرح معلوم کیا جاسکے گا۔ ہمارا زمینی کرہ مختلف تہوں میں لپٹا ہے اور فضا کے بعد آئنوسفیئر شروع ہوجاتا ہے اور اس کے بعد خلا کی بے وزنی محسوس کی جاسکتی ہے۔

اس طرح دنیا کے ہر علاقے سے مجموعی طور پر لاکھوں کروڑوں فون کا ڈیٹا ایک بہت وسیع موسمیاتی منظرنامہ پیش کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل غیر ارضی خلائی مخلوق کی تلاش کے مشہور پروگرام SETI@Home کی طرح کا ایک منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ اس میں دنیا بھر کے کمپیوٹروں کی فالتو پروسیسنگ قوت استعمال کرکے ڈیٹا کی بڑی مقدار کو سلجھانے میں مدد لی گئی تھی۔

ہم جانتے کہ دنیا بھر میں بہت سے نیوی گیشن سیٹلائٹ کام کررہے ہیں جنہیں گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹمز (جی این ایس ایس) جھرمٹ کا کانسٹلیشن کہا جاتا ہے۔ ان میں چین، یورپ اور امریکا کے نیوی گیشن سیٹلائٹ قابلِ ذکر ہیں۔ اب اینڈروئڈ فون سے موسم کا احوال دنیا بھر کے علاقوں سے ان سیٹلائٹ کو بھیجا جاسکتا ہے۔

یورپی خلائی ایجنسی نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ ہونے والے صارفین کے کوائف محفوظ رہیں گے۔

واضح رہے کہ شرکا کو شامل ہونے پر ایمیزون واؤچر اور فون کا تحفہ بھی دیا جائے گا تاہم یہ مہم 30 جون تک جاری رہے گی۔

گوگل پلے پر ایپ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔

The post اب اپنے اینڈروئڈ فون کو عالمی موسمیاتی تحقیقی منصوبے کا حصہ بنائیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/9GXDjx6
via IFTTT

No comments