بچوں کے رونے کا ’ترجمہ‘ کرنے والا خودکار آلہ https://ift.tt/oM0V8jO
بارسلونا / جنیوا: سوئٹزرلینڈ اور اسپین کی مشترکہ اسٹارٹ اپ کمپنی ’زاؤنڈریم‘ (Zoundream) نے ایک ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو نوزائیدہ بچے کے رونے کی آواز سن کر خودکار طور پر معلوم کرتا ہے کہ وہ کس لیے رو رہا ہے۔
اس آلے کو ’بے بی ٹی‘ (BabyT) کا نام دیا گیا ہے جس میں خصوصی ہارڈویئر کے علاوہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے استفادہ کرنے والا الگورتھم بھی استعمال کیا گیا ہے جسے ہزاروں نوزائیدہ بچوں کے رونے کی آوازوں سے تربیت دی گئی ہے۔
پیدائش سے لے کر ایک سال کی عمر تک بچے بول نہیں سکتے لہذا وہ رو کر اپنی ضروریات کا اظہار کرتے ہیں جسے سمجھنا اکثر والدین کےلیے بہت مشکل ہوتا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی اینا لگونا اور اسپین کے رابرٹو لانون نے باہمی اشتراک سے ’زاؤنڈریم‘ اسٹارٹ اپ کمپنی قائم کی ہے۔
لانون کے مطابق، یہ آلہ کسی بچے کے رونے میں چار طرح کی ضروریات کا خودکار طور پر پتا لگا سکتا ہے: بھوک، درد، گیس اور گلے لگنے کی خواہش۔
اس آلے کے سافٹ ویئر کو تربیت دینے کےلیے دنیا بھر سے کئی ہزار نوزائیدہ بچوں کے رونے کی آوازوں کے نمونے جمع کرنے کے ساتھ یہ جائزہ بھی لیا گیا کہ کس طرح کی کارروائی پر بچے نے رونا بند کردیا تھا۔
اس کا ہارڈویئر بطورِ خاص ایسا بنایا گیا ہے کہ یہ غیر ضروری شور شرابہ فلٹر کرتے ہوئے، بچے کے رونے کی آواز نمایاں کرکے ریکارڈ کرتا ہے۔
آج یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ دنیا کے سارے بچوں کے رونے کا انداز اور اس انداز کا مطلب، دونوں ہی بالکل یکساں ہوتے ہیں۔
یعنی ملک اور زبان کے فرق سے نوزائیدہ بچوں میں رونے کے مفہوم پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بتاتے چلیں کہ ’’کرائی ٹرانسلیٹر‘‘ کے نام سے ایک اور موبائل ایپ برسوں سے دستیاب ہے جسے بنانے والوں کا دعوی ہے کہ یہ صرف دس سیکنڈ میں بچے کے رونے کا مطلب معلوم کرلیتی ہے جبکہ شور کم ہونے پر اس کی کارکردگی 96 فیصد تک ہے۔
اگرچہ ’’بے بی ٹی‘‘ کا مقصد بھی یہی ہے لیکن اس کی تربیت جداگانہ انداز میں کی گئی ہے جبکہ یہ سافٹ ویئر کے علاوہ ہارڈویئر پر بھی مشتمل ہے۔
زاؤنڈریم نے یہ آلہ گزشتہ دنوں بارسلونا، اسپین میں منعقدہ ’’موبائل ورلڈ کانگریس‘‘ میں پیش کیا ہے۔
ان کی ویب سائٹ پر ’’بے بی ٹی‘‘ کے بارے میں دستیاب معلومات سے پتا چلتا ہے کہ فی الحال یہ آلہ آزمائشی مرحلے پر ہے جسے ممکنہ طور پر اگلے سال فروخت کےلیے پیش کیا جائے گا۔
The post بچوں کے رونے کا ’ترجمہ‘ کرنے والا خودکار آلہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/tPalqid
via IFTTT
No comments