گوگل کروم میں ’جرنیز‘ فیچر کیا ہے؟ https://ift.tt/RzTK3uv
کراچی: گوگل کروم کے ہسٹری ٹیب میں ایک نئے فیچر ’’جرنیز‘‘ (Journeys) کا اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ براؤزنگ ہسٹری بہتر طور پر منظم کی جاسکے۔
بتاتے چلیں کہ گوگل کروم ویب براؤزر میں Ctrl+H پریس کرنے پر ہسٹری ٹیب کھل جاتا ہے جس میں ان ویب سائٹس اور پیجز کے لنکس موجود ہوتے ہیں جنہیں آپ چند منٹوں، گھنٹوں، دنوں اور چند ہفتوں قبل دیکھ چکے ہیں۔
روایتی طور پر ہسٹری ٹیب میں آپ کے دیکھے ہوئے تمام پیجز وقت کے حساب سے ترتیب دیئے ہوتے ہیں: تازہ ترین دیکھا گیا پیج/ لنک سب سے اوپر اور سب سے پرانا پیج/ لنک سب سے نیچے۔
تاہم اگر آپ براؤزر ہسٹری میں کوئی خاص چیز تلاش کرنا چاہیں تو یہ کام بعض اوقات بہت مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔
براؤزر ہسٹری کو منظم کرنے اور اس میں مطلوبہ چیزوں کی تلاش بہتر بنانے کےلیے گوگل کروم نے ’’جرنیز‘‘ کے نام سے ایک نیا فیچر پیش کردیا ہے۔
ویسے تو اس فیچر کا اعلان تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل، 7 فروری کے روز کردیا گیا تھا لیکن پاکستانی صارفین کےلیے ’’کروم‘‘ میں یہ تبدیلی حالیہ اپ ڈیٹس کے دوران کی گئی ہے؛ اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد جب آپ کروم میں ہسٹری ٹیب کھولیں گے تو وہاں سب سے اوپر دو آپشنز دکھائی دیں گے: لسٹ (List) اور جرنیز (Journeys)۔
لسٹ آپشن سلیکٹ کرنے پر وہی پرانے انداز کا ہسٹری پیج آپ کے سامنے ہوگا لیکن اگر آپ ’’جرنیز‘‘ منتخب کرتے ہیں تو ہسٹری پیج آپ کو الگ الگ حصوں میں تقسیم دکھائی دے گا۔
ان میں سے ہر حصہ کسی خاص کی ورڈ سے متعلق تلاش اور دیکھی گئی متعلقہ ویب سائٹس، یا کسی ویب سائٹ کے الگ الگ پیجز کو گروپس کی شکل میں آپ کے سامنے پیش کرتا ہے۔
اس طرح آپ کےلیے کچھ مخصوص الفاظ یا موضوعات کو مدنظر رکھتے ہوئے براؤزر ہسٹری کا جائزہ لینا بہت آسان ہوجائے گا۔
یہی نہیں بلکہ جب آپ ’’جرنیز‘‘ فیچر میں براؤزر ہسٹری سرچ کریں گے تو سرچ رزلٹس بھی اسی انداز سے گروپس کی شکل میں آپ کے سامنے آجائیں گے۔
The post گوگل کروم میں ’جرنیز‘ فیچر کیا ہے؟ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/xCEbJPn
via IFTTT
No comments