تیار رہیے! چار سیارے ایک سیدھ میں آنے والے ہیں https://ift.tt/kwVzjCv
کراچی: آسمانی مشاہدے کا شوق رکھنے والے آئندہ ہفتے میں ایک زبردست نظارے کےلیے تیار رہیں کیونکہ نظامِ شمسی کے چار سیارے یعنی زحل، مریخ، زہرہ اور مشتری ایک سیدھ میں آجائیں گے۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق، ان سیاروں کے سیدھ میں آنے کا سلسلہ 17 اپریل سے شروع ہوگا۔
20 اپریل کے روز یہ چاروں سیارے مکمل سیدھ میں ہوں گے، جس کے بعد ان میں سیدھ بتدریج کم ہوتے ہوتے بالآخر مکمل ختم ہوجائے گی۔
یہ خوبصورت منظر پاکستان سمیت، شمالی نصف کرے کے تقریباً تمام ملکوں میں سورج غروب ہونے کے کچھ دیر بعد تک دیکھا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ جب آسمان میں تین یا زیادہ سیارے ایک سیدھ میں دکھائی دینے لگیں تو اس منظر کو ’’سیاروں کی پریڈ‘‘ (پلینٹ پریڈ) کہا جاتا ہے۔
ایسے مواقع بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم 2022 اس لحاظ سے منفرد ہے کیونکہ اس سال سیاروں کی پریڈ تین مرتبہ واقع ہوگی۔
اس سلسلے کا پہلا موقع 28 مارچ کو آچکا ہے کہ جب عطارِد، زہرہ، مریخ، مشتری اور زحل ایک سیدھ میں تھے۔ دوسرا موقع 20 اپریل کو آئے گا، جس کی تفصیل بیان کی جاچکی ہے۔
البتہ 2022 میں سیاروں کی تیسری اور سب سے عظیم الشان پریڈ 24 جون کو ہوگی، جس میں سات سیارے ایک سیدھ میں ہوں گے۔
ان میں سے عطارِد، زہرہ، مریخ، زحل اور مشتری کو صرف آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا جبکہ دوربین کی مدد سے اِن کی سیدھ میں نیپچون اور یورینس کو بھی دیکھا جاسکے گا جو بہت مدہم ہیں۔
واضح رہے کہ سیاروں کی پریڈ میں سیارے درحقیقت ایک دوسرے کی سیدھ میں نہیں آتے بلکہ صرف زمین سے دیکھنے پر ایسے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ قدرت کا منفرد اور خوبصورت نظارہ ہوتا ہے جس کا کسی کی قسمت سے کوئی تعلق نہیں۔
The post تیار رہیے! چار سیارے ایک سیدھ میں آنے والے ہیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/Cw2ZKkv
via IFTTT
No comments