Breaking News

اسلام آباد میں غیرمعمولی بارش ’کلاؤڈ برسٹ‘ نہیں ہے، محکمہ موسمیات https://ift.tt/3xaVKl1

 کراچی: محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کے ایک سیکٹر میں ہونے والی بارش کو، جسےغیرمعمولی واقعہ قرار دیا جارہا ہے، بادل پھٹ جانے یا کلاؤڈ برسٹ کا مظہر قرار نہیں دیا جاسکتا۔

محکمہ موسمیات نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 جولائی 2021 بروز بدھ کو صبح ساڑھے چار سے سات بجے کے درمیان، سید پور میں 123 ملی میٹر، گولڑہ میں 101 ملی میٹر، بوکرہ میں 19 ملی میٹر، شمس آباد میں 29 ملی میٹر اور چکلالہ میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس ضمن میں اسلام آباد کا ای الیون علاقہ شدید بارشوں کی زد میں آگیا اور وہاں لوگوں نے موسلا دھار برسات کو بادل پھٹنے سے تعبیر کیا ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔

کلاؤڈ برسٹ کیا ہوتا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کو رین گش اور رین گسٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اگرکسی چھوٹے علاقے میں مختصر وقفے میں شدید بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈ برسٹ کہا جاتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ مخصوص علاقے میں ایک گھنٹے میں کم سے کم 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جائے لیکن آج اسلام آباد کے کسی بھی علاقے میں 121 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ نہیں ہوئی ہے۔ کلاؤڈ برسٹ میں غیرمعمولی بجلی اور بادلوں کی گرج بھی پیدا ہوتی ہے۔

محکمہ موسمیات کراچی سے وابستہ چیف میٹیئرولوجسٹ، سردار سرفراز نے ایکسپریس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 26 مئی کو آج کی بارش کی پیشگوئی کی جاچکی تھی۔ تاہم سردار سرفراز نے کہا کہ اس وقت مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی سے تین فیصد زائد برسات ہوئی ہے جو ایک معمول کا واقعہ بھی ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت آب و ہوا میں تبدیلیوں کے شکار ممالک میں سرِ فہرست ہے اور یہاں دو مظاہر نمایاں ہیں، اول اوسط درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور دوم بارشوں کا معمول شدید متاثر ہوا ہے جسے ’ایریٹک پیٹرن‘ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں بعض موسمیاتی اسٹیشن سوسال سے بھی پرانے ہیں جن سے حاصل شدہ ڈیٹا بتاتا ہے کہ ملک میں اوسط درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے۔

The post اسلام آباد میں غیرمعمولی بارش ’کلاؤڈ برسٹ‘ نہیں ہے، محکمہ موسمیات appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/3zF5hlM
via IFTTT

No comments