بہت گرمی ہے تو کیوں نہ پنکھا اوڑھ کر گھومیں! https://ift.tt/32O9pSi
نیویارک: پوری دنیا کے لوگ ماحول کی شدت اور گرمی کے بڑھتے ہوئے وار کو محسوس کررہے ہیں۔ لیکن اس حدت کو کم کرنے کے لیے اب ایک اہم ایجاد سامنے آئی ہے۔ ایئریبل کے دو پنکھوں کو کالر کی طرح پہنا جاسکتا ہے اور اسے بار بار چارج کرنے کے علاوہ دھویا بھی جاسکتا ہے۔
انٹرنیٹ پر مالی معاونت کی ویب سائٹ، اِنڈی گوگو پر ایک گھنٹے میں ہی اس اہم ایجاد ’ایئریبل‘ کی مطلوبہ فنڈنگ ہوگئی۔ ہیڈفون کی طرح اسے گردن کے گرد حائل کیا جاسکتا ہے جس کے کناروں پر موجود تیزرفتار پنکھے گھوم کر چہرے گردن اور ٹھوڑی کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ پنکھا نکال کر آپ اسے براہِ راست پیشانی اور چہرے کے سامنے بھی لاسکتے ہیں۔
ویئریبل کے اندر ہوا ایک سرے سے دوسرے سرے تک سفر کرتی ہے اور باریک سوراخ سے نکلنے والی ٹھنڈی ہوائیں گردن کی پشت پر مسلسل پڑتی رہتی ہیں۔ اب تک اسے ٹینس کے کھلاڑیوں سمیت گھر سے باہر گرمی میں کام کرنے والے لاتعداد افراد نے آزمایا ہے اور بے حد مفید ایجاد قرار دیا ہے۔
اب آپ دفتر میں ہوں، ساحل پر چہل قدمی کررہے ہوں، یا باہر کسی کھیل میں مصروف ہوں، ایئریبل ہرجگہ فوری طور پر ٹھنڈک پہنچا سکتا ہے۔ ہیٹ اسٹروک کی صورت میں عموماً سر اور گردن کو ٹھنڈا کیا جاتا ہے اور یہ ایجاد بھی اسی اصول پر کام کرتی ہے۔
دوڑتے اور چلتے دوران یہ لڑھک کر گرسکتا ہے جس کے لیے دو چھوٹے مقناطیس دیئے گئے ہیں۔ طاقتور مقناطیس شرٹ کے اندر لگ کر ایئریبل کو ایک ہی مقام پر جمائے رکھتےہیں۔ اس میں نصب پنکھے اور ایئرو ڈائنامک ڈیزائن کی وجہ سے فوری طور پر ٹھنڈی ہوا خارج ہوتی ہے اور فوری طور پر سکون کا احساس دلاتی ہے۔
اسے بنانے والی ٹیم کے مطابق اس میں پنکھے کی طرح پر نہیں بلکہ خاص ڈیزائن کردہ پروپیلر لگائے گئے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے بہترین نتائج کے لیے 500 پروپیلر ڈیزائن کیے اور ان میں سب سے بہترین پروپیلر کو حتمی ڈیزائن میں شامل کیا۔
اسے بیٹری سیل اور یوایس بی سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ 160 گرام وزنی ایئریبل کی قیمت 46 ڈالر رکھی گئی ہے۔
The post بہت گرمی ہے تو کیوں نہ پنکھا اوڑھ کر گھومیں! appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/3gDFsfO
via IFTTT
No comments