Breaking News

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ستاروں کی بارش کا نظارہ https://ift.tt/7NKo2TY

  کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ستاروں کی بارش (Geminid meteor shower) کا دلکش نظارہ دیکھا گیا۔

غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق 13 اور 14 دسمبر کی رات پاکستان سمیت دنیا بھر میں ستارہ بینی کے شوقین افراد نے ستاروں کی بارش کا دلکش نظارہ دیکھا۔ یہ واقعہ ہر سال ماہ دسمبر میں پیش آتا ہے جس کا آغاز 4 دسمبر سے ہوتا ہے۔ 13 اور 14 دسمبر کی رات یہ اپنے عروج پر پہنچتا ہے اور 24 دسمبر تک وقفے وقفے سے نظر آتا رہتا ہے۔

ہر گھنٹے میں زمین کے قریب 100 سے زیادہ شہابیوں کو دیکھا جاسکتا ہے اور یہ دوربین کے بغیر عام آنکھوں سے ہی نظر آتے ہیں۔ اس سال نئے چاند کے باعث آسمان زیادہ تاریک ہونے کی وجہ سے یہ نظارہ اور بھی زیادہ روشن اور صاف طریقے سے دیکھا گیا۔

اگرچہ یہ نظارہ پوری دنیا میں نظر آتا ہے لیکن بہترین بارشیں شمالی نصف کرہ کے ممالک آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، کینیڈا وغیرہ میں ہوتی ہیں اور جنوبی نصف کرہ کے لوگ کم شرح کے ساتھ اس کا مشاہدہ کرتے ہیں۔

ناسا کے مطابق ہمارے نظامِ شمسی میں ایک طویل بیضوی مدار میں فیتھون 3200 نامی سیارچہ (اسٹرائیڈ) چکر کاٹ رہا ہے۔ ہر سال دسمبر میں یہ زمینی مدار کو کاٹتے ہوئے گزرتا ہے۔ زمین کے قریب سے گزرتے ہوئے فیتھون 3200  کے کئی چھوٹے بڑے ذرات زمینی ثقلی قوت سے ہماری فضا میں داخل ہوجاتے ہیں۔

یہ لاتعداد ذرات اپنی زبردست رفتار اور زمینی رگڑ سے بھڑک اٹھتے ہیں جس سے تاریک رات میں روشنی کی ایک لکیر دکھائی دیتی ہے جس کو شہابی بارش کہا جاتا ہے۔

بڑے شہروں میں لائٹ پلیوشن (Light pollution) کی وجہ سے شاید یہ نظارے واضح دکھائی نہ دیں تاہم  شہر سے دور کسی تاریک مقام پر ستاروں کی برسات دیکھنا ایک پُرلطف تجربہ ہوتا ہے۔ اس ضمن میں اسٹار پارٹی کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کسی تاریک مقام پر بیٹھ کر جیمنڈ میٹیور شاور کا نظارہ کرتی ہے۔

The post پاکستان سمیت دنیا بھر میں ستاروں کی بارش کا نظارہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/WaESs6m
via IFTTT

No comments