Breaking News

انسان آج سے سوا لاکھ سال پہلے بھی لباس بنانا جانتا تھا، تحقیق https://ift.tt/3ErZ3ZO

ایریزونا: امریکی سائنس دانوں نے مراکش سے ملنے والے، ایک لاکھ 20 ہزار سال قدیم اوزاروں پر تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ انہیں چمڑے سے انسانی لباس بنانے میں استعمال کیا جاتا تھا۔

اس سے پہلے ماہرین کا خیال تھا کہ انسان نے آج سے لگ بھگ 40 ہزار سال پہلے ہی اپنے لیے لباس بنانا شروع کیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ جانوروں کی کھال اوڑھ کر خود کو موسم کی سختیوں سے بچایا کرتا تھا۔

نئی تحقیق جو ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی، امریکا کی ایمیلی ہیلٹ اور کرٹس میرین کی سربراہی میں کی گئی ہے، انسانی لباس کی تاریخ کو ہمارے سابقہ اندازوں کے مقابلے میں کم از کم 80 ہزار سال زیادہ قدیم ثابت کرتی ہے۔

اس تحقیق کی تفصیل ریسرچ جرنل ’’آئی سائنس‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے جس میں مراکش کے ’’کونٹریبینڈیئرز‘‘ غاروں سے ملنے والے 60 سے زیادہ قدیم اوزاروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔

2011 میں دریافت ہونے والے یہ اوزار 90 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار سال قدیم ہیں جنہیں وہیل اور ڈولفن جیسے جانوروں کی ہڈیوں سے تیار کیا گیا ہے۔

ان میں سے کئی اوزاروں پر کچھ مخصوص نشانات ایسے تھے کہ جیسے انہیں جانوروں کی کھال سے لباس بنانے میں استعمال کیا جاتا ہوگا۔ اس بات کی تصدیق کےلیے ایمیلی ہیلٹ نے لباس بنانے کے حوالے سے دریافت شدہ، قدیم انسانی اوزاروں سے ان کا موازنہ کیا۔

موازنے پر ایمیلی اور ان کے دیگر ساتھیوں کا خیال درست ثابت ہوا۔ ایک لاکھ بیس ہزار سال پہلے بنائے گئے یہ اوزار، لباس سازی میں استعمال ہونے والے قدیم اوزاروں سے بے حد مماثلت رکھتے تھے؛ البتہ یہ ایسے قدیم ترین اوزاروں سے بھی 80 ہزار سال زیادہ قدیم تھے۔

واضح رہے کہ اب تک قدیم ترین انسانی لباس کے بارے میں ہماری معلومات بہت محدود ہیں کیونکہ چمڑے سے بنا ہوا لباس بے حد نرم ہوتا ہے جسے احتیاط سے سنبھال کر رکھا نہ جائے تو وہ صرف چند صدیوں کے بعد ہی گل کر مکمل ختم ہوجاتا ہے۔

ایسی صورت میں ہمارے پاس انسانی لباس سازی کے واحد ثبوت کے طور پر وہ قدیم اور سخت اوزار ہی باقی بچتے ہیں جنہیں لباس بنانے میں استعمال کیا جاتا تھا؛ اور جو ہزاروں لاکھوں سال تک موسم کی سختیاں جھیلنے کے بعد بھی کسی نہ کسی حد تک باقی رہ گئے ہیں۔

انسانی تہذیب کے آغاز میں مکانات اور زراعت کے علاوہ لباس نے بھی یکساں طور پر اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسی وجہ سے یہ تازہ دریافت بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم انسان ہمارے سابقہ خیالات کے مقابلے میں زیادہ ترقی یافتہ اور ہنر مند بھی تھا۔

The post انسان آج سے سوا لاکھ سال پہلے بھی لباس بنانا جانتا تھا، تحقیق appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/3hGwH4q
via IFTTT

No comments