آن لائن تعلیم https://ift.tt/eA8V8J
رواں سال فروری میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے تعلیمی ادارے تاحال نہیں کھل سکے، اس لیے اب معمول کی تعلیمی سرگرمیوں کے بہ جائے ’آن لائن‘ تعلیم کی طرف توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ طلبہ کے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔ اس ضمن میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی طرف سے آن لائن تعلیم کا کام یاب ایک مثال ہے۔
سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے تمام اسکولوں میں آن لائن تعلیم کے لیے اقدامات کیے۔ اس باعث پرانے تدریسی نظام میں تبدیلی واقع ہوئی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آن لائن تعلیم کو جدید طرز پر استوار کیا گیا۔
صوبہ سندھ میں سرکاری تعلیمی اداروں اور ’پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ‘ کے تحت نجی تعلیمی اداروں کی آن لائن کلاسوں کے انعقاد کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کی گئی اور ’سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن‘ نے وقت ضایع کیے بغیر مائیکروسافٹ سے مختلف ایپلی کیشنز حاصل کر کے اپنے اسکولوں کے اساتذہ اور بچوں کو شامل کیا۔
جب ’کورونا وائرس‘ سے پیدا ہونے والی صورت حال معاشی اور سماجی خطرہ بن کر پوری دنیا کو مکمل طور پر اپنے شکنجے میں لے چکی تھی، ایسے میں براہ راست سماجی رابطوں میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات لوگوں کے تحفظ کے لیے تو ضروری تھے، مگر اس سے معیشت اور معمولات زندگی کے بعد سب سے زیادہ طلبا کا تعلیمی سال متاثر ہو رہا تھا اس صورت حال میں طلبہ کو سہولت درکار تھی جو سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے اسکولوں کے اساتذہ اور بچوں کو مہیا کی۔ بچوں کو خوف کے اس ماحول سے دور کرنے اور انہیں کتابوں سے جڑے رہنے کے لیے فاؤنڈیشن نے آن لائن کلاسسز کا آغاز کیا۔
صوبے کے چھوٹے شہروں اور دور دراز کے علاقوں سے طالب علموں کی ایک بڑی تعداد ان سرگرمیوں میں شامل ہونا چاہتی تھی جو بظاہر تو ممکن نہیں تھا لیکن تمام بچوں کو اس فریم ورک میں لانا بھی بہت ضروری تھا۔ لہٰذا پہلے مرحلے میں اسکول پارٹنرز کو موبلائیز کیا گیا اور پہلے درجے سے لیکر میٹرک تک کے نصاب پہ مبنی ہوم ورک ترتیب دیا گیا اور اسے دو فیزز میں بچوں تک پہنچایا گیا وہ ہوم ورک فاؤنڈیشن کی ویب سائیٹ اور سوشل میڈیا پہ رکھا گیا جس کو اسکول آپریٹرز نے ڈاؤن لوڈ کرکے بچوں تک پہنچایا۔ دوسری طرف اساتذہ اور بچوں کی مائیکروسافٹ ٹیم سالیوشن کی آئیڈیز بنانا شروع کردی گئیں اور ان کے ساتھ آن لائن رابطہ رکھا گیا۔
فاؤنڈیشن کے ٹریننگ اینڈ اسیسمینٹ شعبے کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام علاقائی ٹیموں نے بھرپور کوشش کرتے ہوئے اس سرگرمی کو عملی شکل دے کر ایک نیا باب رقم کیا۔ آن لائن کلاسز کا مربوط نظام نہ ہونے کے باعث انٹرنیٹ پر پہلے سے موجود ذرائع جن میں گوگل پلس، گوگل کلاسروم، زوم، یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کا سہارا لیا جا رہا تھا لیکن مائیکروسافٹ کے سالوشن مائیکروسافٹ ٹیم نے وہ مسئلہ بھی حل کردیا، اس پلیٹ فارم سے اساتذہ کی تربیت کی گئی اور بچوں کو بھی انگیج کیا گیا۔
آن لائن کلاسز کے اجرا کے بعد صوبے کے طول و عرض میں رہنے والے طالب علم انٹرنیٹ سروس کے نہ ہونے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی شکایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن فاؤنڈیشن نے پارٹنرز کی مشترکہ کوششوں سے سولر پینلز اور انٹرنیٹ ڈیوائسز کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اکثر اسکولز میں آن لائن کلاسز کا اہتمام مارچ 2020سے ہی شروع کردیا گیا تھا، تاہم طلبہ کو آگاہی فراہم کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ٹیم اور پارٹنرز کی ہمت اور اعتماد نے اس مسئلے کو ایس او پیز کے دائرہ کار میں رہ کر حل کردیا۔ شروع میں بہت سے اسکولوں نے طلبہ کو کچھ سوالات اور ہوم ورک دیا لیکن اسکول کی لائبریری بند ہونے اور اساتذہ کے تدریسی سرگرمیوں کے نہ ہونے کے باعث طلبہ کو حوالاجات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
آن لائن کلاسز کا مطلب ہے کہ طلبہ کو سہل طریقے سے مطلوبہ عنوان تک رسائی دینا، نہ کہ سوالات کو حل کر کے جوابات تحریر کردیے جائیں، جب کہ آن لائن کلاسز کے مطالب سے اساتذہ بھی ناواقف تھے، اِن کو بھی تربیت دینے کی ضرورت تھی جس کو فاؤنڈیشن نے یقینی بنایا اور اپنے اساتذہ کو آن لائن تربیت دی۔
اپنے اطراف کا جائزہ لیں تو وبا کے اس دور میں اسکولوں میں آن لائن کلاسز کا مطلب ہی کچھ اور لیا جارہا ہے۔ والدین کو مضامین کے اسباق کی تیاری سے متعلق معلومات اور ڈھیر سارا تعلیمی مواد فراہم کرنے کو ہی متعدد تعلیمی ادارے اپنی آن لائن کلاسز کی تکمیل سمجھ رہے ہیں، جب کہ آن لائن کلاسز کے انعقاد میں طلبہ کو براہ راست تعلیمی سرگرمیوں شامل کرنا مقصود ہوتا ہے اور یہ کام بہ خوبی اور سہل انداز میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کرکے دکھایا ہے۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت سے لے کر بچوں کو سرگرم رکھنے تک کا سفر بہت مثبت انداز میں کیا جا رہا ہے۔
ابھی بھی فاؤنڈیشن کے طلبا کے لیے آن لائن کاؤنسلنگ کلاسز جاری ہیں، اس حوالے سے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر قاضی کا کہنا ہے کہ کووڈ 19-لاک ڈاؤن کے پیش نظر آن لائن تعلیم وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے جس کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اس زمرے میں سندھ حکومت کا آن لائن تعلیمی سسٹم کافی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
اس سلسلے میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن عملی طور پر اقدامات کیے ہیں جب کہ نجی تعلیمی ادارے کورونا وائرس کے باعث اچانک بندش کی صورت حال سے دوچار ہوئے اس صورت حال میں آٓن لائن تدریسی عمل کے بارے میں ناواقفیت کی بنا پر تعلیمی عمل کو جاری نہ رکھ سکے، اکثریت کو تو یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ ہنگامی صورت حال میں مضامین کو کس طرح تقسیم کیا جائے گا یا پھر فاصلاتی تعلیم کے کیا کیا مدارج ہوں گے۔
غیرتربیت یافتہ اساتذہ کو تربیت دینے کے لیے آن لائن سالوشن، وقت اور پیسہ درکار ہوگا۔ لیکن ان تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر فاؤنڈیشن نے مائیکروسافٹ کے ساتھ کام کیا اور بچوں تک تعلیم کی رسائی کا بیڑا اٹھایا اور اسے عملی جامہ پہنایا اس سرگرمی میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کو براہ راست فائدہ ہوا اور 15 ہزار سے زائد اساتذہ کی تربیت کی گئی اور تقریباً تین لاکھ طالب علموں کو ہوم ورک اور ورک شیٹس کے ذریعے تعلیمی عمل میں مصروف رکھا گیا۔
موجودہ حالات کے پیش نظر فاؤنڈیشن کے طلبا و اساتذہ کے لیے مذکورہ پلیٹ فارم کافی اہم ہے، یہاں وہ ساری سہولیات دست یاب ہیں جو انہیں تدریسی عمل کے لیے درکار ہیں۔ فاؤنڈیشن کا لرننگ سپورٹ یونٹ، ریجن اور ڈسٹرکٹ آفیسسز مسلسل طلبا اور اساتذہ سے رابطے میں اور انہیں پیش آنے والی دشواریوں سمیت کورسز سے متعلق مواد آن لائن مہیا کرانے میں مصروف ہے۔
The post آن لائن تعلیم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2DFeseK
via IFTTT
No comments