مرچ کو تیز ذائقہ دینے والا کیمیکل اب شمسی سیل کو بہتر بنانے میں بھی معاون https://ift.tt/eA8V8J
بیجنگ: آپ کے منہ اور زبان کو بے آرام بنا دینے والا مرچوں کا کیمیکل ’’کیسپیسیئن‘‘ اب شمسی سیل کی کارکردگی کو بہتر بناسکتا ہے۔ اس اختراع کے بعد دھوپ سے بجلی بنانے میں مزید کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
ماہرین نے پہلے سورج کی روشنی کو بجلی میں بدلنے کے لیے شمسی سیل کو نہایت ہلکا پھلکا اور باریک بنایا۔ یہ سیل سلیکون سے بنے تھے۔ اب بھی ہم شمسی سیلوں سے بجلی کی مناسب مقدار نہیں بنا پائے اور ہر سال کچھ فیصد کفایت (ایفی شنسی) مل جاتی ہے اور بقیہ دھوپ حرارت کی صورت میں دوبارہ لوٹ جاتی ہے۔
اب شنگھائی میں واقع ایسٹ چائنا نارمل یونیورسٹی کے چائنے باؤ اور ان کے ساتھیوں نے ایک دلچسپ کام کیا ہے اور سلیکون سے شمسی سیل بنانے کے دوران ہی اس میں مرچوں کا مشہور کیمیکل کیسپیسیئن ملایا۔ اس کے بعد الیکٹرون قدرے آزاد ہوکر آگے دوڑنے لگے اور سولر سیل کی افادیت میں اضافہ ہونے لگا۔
سب سے پہلے سائنسدانوں نے تجربہ گاہ میں اسے سورج سے مماثل مصنوعی روشنی میں آزمایا۔ ماہرین نے دیکھا کہ مرچوں والے سولر سیل میں الیکٹرون کے بہاؤ میں اضافہ ہوا۔ مرچوں کے کیمیکل سے ان کی روشنی سے بجلی بنانے کی صلاحیت 21.88 فیصد تک پہنچ گئی جو اس سے پہلے 19.1 فیصد تھی۔ اس طرح یہ ایک بہتر کاوش ہے۔
بعد ازاں ماہرین نے سولر سیل کا بغور جائزہ لیا جس میں طیف نگاری ( اسپیکٹرو اسکوپی) استعمال کی گئی۔ اس سے بھی تصدیق ہوئی کہ کیسپیسیئن کے اضافے سے الیکٹرون کا بہاؤ اچھا ہوا اور کرنٹ تیزی سے بہنے لگا۔ اس کے علاوہ توانائی کا رساؤ (لیکج) بھی کم ہوگیا۔
لیکن اس پورے عمل کو اب تک سمجھنا باقی ہے کیونکہ مختلف ماہرین نے اس پر مختلف رائے دی ہے۔ ایک خیال تو یہ ہے کہ کیسپیسیئن کے سالمات بجلی کے آئن کے بہاؤ کو بہتر کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیمیکل کو نکالنا آسان ہے اور اس کی قیمت بھی کم ہے۔
اس سے قبل بھی ماہرین نے سولرسیل کی افادیت کے لیے کئی قدرتی اشیا کو آزمایا ہے لیکن مرچوں والے کیمیکل کے نتائج بہت حیران کن ہیں۔
The post مرچ کو تیز ذائقہ دینے والا کیمیکل اب شمسی سیل کو بہتر بنانے میں بھی معاون appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/3nKDD0w
via IFTTT
No comments