بارش اورموسمی شدت سے بچانے والا خیمہ، وزن صرف ایک کلوگرام https://ift.tt/eA8V8J
پیرس: فرانسیسی کمپنی نے مکمل واٹرپروف ، اوس، دھوپ اور برف کی شدت سے بچانے والا خاص مٹیریئل سے ایک خیمہ بنایا ہے جس کا وزن صرف ایک کلوگرام ہے اور سمٹنے پر یہ آٹھ انچ رہ جاتا ہے۔
اپنی جدت اور کم وزن کے ساتھ یہ کوہ پیما، سیاحوں اور پہاڑوں پر گھومنے پھرنے والوں کے لیے ایک بہترین تحفہ بھی ہے۔ اسے ابھرتی ہوئی فرانسیسی کمپنی سامایا نے بنایا ہے جسے ایسوٹ ٹو الٹرا ٹینٹ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹینٹ کھل کر اتنا وسیع ہوجاتا ہے کہ اس میں دو افراد رہ سکتے ہیں۔
خیمے کو ایستادہ رکھنے کے لیے اس میں مضبوط کاربن فائبر فریم فٹ ہوتا ہے جبکہ انتہائی قیمتی اور جدید فیبرک سے اسے بنایا گیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ الپائن سے لے کر ہمالیہ کے پہاڑوں تک ان کا ٹینٹ استعمال کیا جاسکتا ہے جو دشوار گزار اور موسمیاتی شدت سے بھرپور علاقے ہیں۔
خیمے کی دیواروں کو دو پرتوں سے بنایا گیا ہے جس میں ڈائنیما کمپوزٹ کے ساتھ ساتھ مکمل واٹرپروف پولی ٹیٹرافلوروایتھائلین (پی ٹی ایف ای) نامی مادے سے بنا ایک باریک پردہ بھی لگا ہے۔ پی ٹی ایف ای کی بدولت اس میں تازہ ہوا آسکتی ہے لیکن بارش کا پانی باہرہی رہ جاتا ہے۔
اپنی نوعیت کا یہ سب سے ہلکا خیمہ گھر ہے جو 20 ہزار ملی میٹر کی واٹرپروفنگ فراہم کرتا ہے۔ اسے کاربن فائبر تاروں کی مدد سے خیمے کی شکل دی جاسکتی ہے۔
پانی اور کیچڑ کو دور رکھنے کے لیے اس میں ایکوا گارڈ نامی زپ لگائی گئی ہے جو بند ہونے پر نمی کو باہر رکھتی ہے۔ ایسوٹ ٹو الٹرا کا وزن ایک کلوگرام اور بیس گرام ہے جبکہ بلندی ایک میٹر ہے۔ بند ہونے پر اس کی چوڑائی 15 سینٹی میٹر اور اونچائی 20 سینٹی میٹر رہ جاتی ہے۔
The post بارش اورموسمی شدت سے بچانے والا خیمہ، وزن صرف ایک کلوگرام appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/37aL77t
via IFTTT
No comments