Breaking News

دنیا کا سب سے چھوٹا لیکن مکمل ترین ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر https://ift.tt/3cmlPVh

ہانگ کانگ: بہت جلد بھاری بھرکم ڈیسک ٹاپ پی سی کو آپ جیب میں رکھ کر گھوم پھرسکیں گے کیونکہ اس وقت مٹھی میں سمانے والا دنیا کا مختصر ترین پرسنل کمپیوٹر انٹرنیٹ فنڈنگ کے مراحل سے گزررہا ہے۔

کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ، انڈی گو گو پر دستی پی سی کی تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔ اسے جی ایم کے نیوک باکس کا نام دیا گیا ہے۔ آج کی تیزرفتار دنیا میں یہ کمپیوٹر جیب  میں سماکر آپ کو مکمل ڈیسک ٹاپ پی سی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس میں طاقتور انٹیل کور فور پروسیسر نصب ہے جو اسے دنیا کا سب سے چھوٹا ڈیزائن بناتا ہے۔ اس کے علاوہ گنجائش کو 8 جی بی سے بڑھا کر 512 جی بی تک لے جایا جاسکتا ہے۔ اس کا آؤٹ پٹ فور کے کا ہے اور ان پٹ آؤٹ پٹ کے لیے معیاری اور لچکدار پورٹس لگائی گئی ہیں۔

مائیکروالیکٹرانکس کا شاہکار یہ آلہ ایک چوکور ڈؑبیہ کی طرح ہے جو 2.4 انچ چوڑا اور اتنا ہی لمبا ہے۔ اسی وجہ سے یہ دستی بیگ، پرس اور جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔ اس میں 2.7 گیگاہرٹز کا انٹیل سیلیرون سی پی یو نصب ہے۔ جب کہ گرافکس کے لئے یو ایچ ڈی 600 کارڈ نصب ہے جو فور کے ریزولوشن ویڈیو دکھاتا ہے۔ لیکن سب سے پڑھ کر اس کی تیزی اور برق رفتاری قابلِ دید ہے۔

انٹیل گرافک کارڈ پیچیدہ ترین گرافکس کو فوری طور پر پروسیس کرتا ہے۔ اس کی ویڈیو اینکوڈنگ بہترین اور تیزرفتار ہے۔ اب اگر فلم ہو، یوٹیوب ہو یا کوئی اور ویڈیو ہو اسے دیکھنے کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ دستی کمپیوٹر کے ذریعے انتہائی برق رفتاری سے ایک وقت میں کئی کام کئے جاسکتے ہیں۔

ایک جانب تو یہ دس واٹ بجلی استعمال کرتا ہے تو دوسری جانب پورے نظام کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے اس میں تھرمل انجینیئرنگ کا ایک شاہکار پنکھا لگایا گیا ہے جسے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 90 ملی میٹر کا انتہائی چھوٹا پنکھا صرف 19 ڈیسی بیل کی آواز پیدا کرتا ہے۔ اس طرح پرسکون انداز میں خاموشی کے ساتھ آپ اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

اس پی سی کو کسی بھی مانیٹر، چھوٹے اسکرین یا پلیٹ فارم سے جوڑا جاسکتا ہے۔ تاہم اسی کمپنی نے ایک چھوٹا مانیٹر بھی تیار کیا ہے جو 14 انچ اسکرین پر ایچ ڈی ڈسپلے دکھاتا ہے۔ اس کے ساتھ آپ نیوک باکس کو لے کر کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ اس کی تعارفی قیمت 179 ڈالر رکھی گئی ہے۔

دیگر سہولیات میں بلیوٹوتھ اور وائی فائی کی سہولت موجود ہے جبکہ تمام مشہور آپریٹنگ سسٹم اس پر چل سکتے ہیں۔

The post دنیا کا سب سے چھوٹا لیکن مکمل ترین ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/309YIbR
via IFTTT

No comments